کاروار، 24 / اگست (ایس او نیوز) شہر کے گاندھی بازار کے پاس پڑا ہوا مٹی کا ڈھیر ہٹانے کے معاملے پر کانگریس اور بی جے پی کاونسلروں کے درمیان زبانی جھڑپ ہوگئی ۔
بتایا جاتا ہے کہ سٹی میونسپل کاونسل کی جانب سے سڑک کنارے واقع دکانیں ہٹانے کے بعد جو مٹی کا ڈھیر وہاں پڑا تھا اسے اٹھانے کے لئے جے سی بی اور لاری کے ساتھ عملہ پہنچا تو وہاں پر جمع ہونے والے کانگریسی کاونسلروں نے اعتراض جتایا کہ اگر اس جگہ سے مٹی کا ڈھیر ہٹایا گیا تو دوبارہ یہاں پر غیر قانونی دکانیں لگنا شروع ہوجائیں گی اس لئے یہاں سے مٹی نہیں ہٹانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مٹی ہٹانے کا فیصلہ کرنے کے لئے کاونسلروں کی میٹنگ بھی طلب نہیں کی گئی ہے اور نہ کوئی تجویز پاس کی گئی ہے ۔ اچانک ہی اس طرح مٹی ہٹانے کا کام شروع کرنا غلط ہے ۔
اس مسئلے پر تقریباً آدھے گھنٹے تک دونوں گروپوں کے بیچ زبانی تکرار چلتی رہی جس کے بعد بالآخر سی ایم سی میٹنگ میں ہی مٹی ہٹانے کی تجویز پاس کروانے کے بعد کام آگے بڑھانے کا فیصلہ ہوا ۔
اس موقع پر سی ایم سی کے صدر روی راج انکولیکر، نائب صدر پریتی جوشی کے علاوہ بی جے پی اور کانگریس کے کاونسلرس اور لیڈران موجود تھے ۔